امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت اقلیتوں اور دیگر مذاہب کے معاملے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ہوا ہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں اور نوجوانوں کا سرکاری اور غیر سرکاری فورسز کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی انسانی حقوق کے گروپوں نے یہ بھی نوٹ کیا ہے کہ حال ہی میں مودی حکومت نے ریاست کرناٹک میں طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کی گئی۔
امریکی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے لیکن آزادیٔ اظہار رائے اور میڈیا پر پابندیاں عائد ہیں۔ صحافیوں پر تشدد کیا گیا، دھمکیاں دی گئیں اور بلاجواز گرفتاریاں کی گئیں۔
امریکی رپورٹ کے مطابق بھارت میں غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کی فنڈنگ، یا آپریشنز اور پناہ گزینوں کی بحالی پر حد سے زیادہ پابندی والے قوانین بھی نافذ کیے ہیں۔