163

سردار تنویر الیاس بلامقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب، حلف اٹھالیا

86 Views

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزادکشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا جس کے باعث پی ٹی آئی امیدوار کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سردار تنویر الیاس نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں سیکرٹری اسمبلی نے درست قرار دیا جس کے بعد سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ان کے حق میں 33 ووٹ ڈالے گئے۔
آزاد کشمیرکے وزیراعظم عبدالقیوم خان نیازی کے مستعفی ہونے کے بعد عدالت کے حکم پرنئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے اجلاس ہوا۔

آئین کے آرٹیکل 13 اور اسمبلی کے قواعد انضباط کار15 کے تحت وزیراعظم کا کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ پی ٹی آئی 32 اراکین کے ساتھ ایوان میں سرفہرست تھی اوراسے مسلم کانفرنس کی بھی حمایت حاصل تھی۔

آزاد کشمیر میں پہلے وزیراعظم خان عبدالحمید خان کا انتخاب 5جولائی 1975کو ہوا تھا۔ آزاد کشمیر میں 1985سے لیکر اب تک پارلیمانی نظام نافذ ہے۔سردار سکندر حیات، سردار عتیق احمد خان اور راجہ فاروق حیدر خان دو دو مرتبہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

حلف برداری

سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف کے بعد چیف سیکریٹری شکیل خان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا نوٹی فکیشن پڑھ کر سنایا۔

تقریب حلف برداری میں اسپیکر آزاد جموں کشمیر اسمبلی اسٹیج پر موجود تھے جب کہ ممبران پارلیمنٹ، اعلی سول بیورو کریسی سمیت بڑی تعداد میں سیاسی کارکن اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے۔ تقریب حلف برداری میں دو وزرا نے بھی اپنے عہدوں کا حلف جن میں خواجہ فاروق احمد اور چوہدری اخلاق شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں