122

امریکا کا یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ دینے کا فیصلہ

60 Views

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین کو میدان جنگ میں ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے جدید راکٹ سسٹم اور آتشیں اسلحہ فراہم کریں گے تاکہ روس کو جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے M142 ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (HIMARS) یوکرین بھیجیں گے جس کے لیے یوکرین کے آرمی چیف نے ایک ماہ قبل درخواست کی تھی تاکہ روسی میزائل کا مقابلہ کرسکیں۔
تاہم سینیئر اہلکار نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ یہ جنگی اسلحہ صرف یوکرین میں روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال ہوگا اور یہ میزائل سے روس کی سرزمین میں کسی ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں ہوں گے۔

یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹمز سیکڑوں میل دور راکٹوں کے بیراج کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان میزائل کے حصول سے جنگ کا منظر نامہ بدل جائے گا۔

امریکا کی جانب سے یوکرین کو ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (HIMARS) کی فراہمی پر روس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے روس یوکرین جنگ براہ راست تصادم میں تبدیل ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

امریکا کی جانب سے یوکرین کو جدید راکٹس کی فراہمی کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب روسی افواج نے مشرقی یوکرین کے شہر سیوروڈونٹسک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور ڈونباس میں اپنی کارروائی کو آگے بڑھا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے جدید راکٹس کی فراہمی یوکرین کے لیے 700 ملین ڈالر کے نئے امدادی پیکج کا حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں