124

امریکی سفارتخانہ اور ٹی آئی ای کے زیر اہتمام پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کے فائنل کا انعقاد

111 Views

اسلام آباد ( ۲۱ جولائی ۲۰۲۲ء)- دی انڈس انٹرپرینوئرز (ٹی آئی ای) اسلام آباد اور امریکی سفارتخانہ کے زیر اہتمام پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کے گرینڈ فائنل کی تقریب کا انعقاد ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کاروبار سے وابستہ افراد کے معیار اور تعداد میں اضافہ کے مقصد سے تجارتی مسابقت کا ایک مقامی منصوبہ ہے۔

فائنل کی تقریب میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارتِ خزانہ اور امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے نمائندوں نے شرکت کی اور مُلک بھر سے تعلق رکھنے والی کامیاب ٹیموں میں چیک اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی آئی اِی اسلام آباد کے صدر مرتضیٰ زیدی نے کہا کہ پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کے توسط سے گزشتہ ایک دہائی کے دوران دو ہزار سے زیادہ نئے تجارتی منصوبوں کو رہنمائی فراہم ہوئی ہے۔ اس مسابقتی سرگرمی کے دوران نئے تجارتی منصوبوں کی رہنمائی اور کاروباری منصوبوں کی اصلاح کے لیے صنعتی دنیا کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ مرتضیٰ زیدی نے سازگار تجارتی ماحول کی تشکیل کے مقصد سے امریکی سفارتخانہ کے ساتھ تعاون کو باعث فخر قرار دیا۔

امریکی سفارتخانہ کے قائم مقام پبلک آفیئرز افسر ایرون ٹریور نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی جانب سے پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کے ساتھ معاونت مُلک بھر میں پائیدار تربیتی اور رہنما سرگرمیوں کےذریعہ انٹرپرینوئرشپ اور نئی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کا باعث ثابت ہوئی ہے اور ہوتی رہےگی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایسی سرگرمیاں ہی مختلف علاقوں کی آبادیوں میں متحرک کاروباری روایات کی حوصلہ افزائی میں معاونت کا باعث بن سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال اسٹارٹ اپ کپ کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی تربیت اور تجارتی تیاریوں پر مشتمل سرگرمیوں اور رہنمائی سے ۹۰۰ سے زیادہ نوزائیدہ تجارتی منصوبے مستفید ہوئے۔جبکہ اُن کو مزید چھان بین کرتے ہوئے ۲۱ بہترین کاروباری تصورات تک محدود کیا گیا۔آخری مراحل کے دوران تجارتی منصوبے پیش کرنے والی ٹیموں کی نظر سرمایہ کاری کے لیے مقرر کردہ پہلے انعام کے دس لاکھ روپے کی نقد انعام پر تھی۔ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بھی اپنے تجارتی منصوبوں کو پروان چڑھانے کے لیے نقد انعامات سے نوازا گیا۔

پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کا مقصد مُلک بھر سے تعلق رکھنے والے تجارت سے وابستہ افراد اور جدت پسندوں کے آپس میں روابط اُستوار کرنا، توسیع اور اُن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔اس سال پاکستان اسٹارٹ اپ کپ کے آٹھویں سلسلہ کا کوئٹہ، گلگت،میرپور،لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی میں افتتاح کیا گیا۔ پاکستان بھر سے ۲۱ سرفہرست اسٹارٹ اپس نے ۱۷۰ گھنٹوں پر مشتمل تربیتی نشستوں اور صنعتی ماہرین کی زیر نگرانی ۵۰ گھنٹوں پر مشتمل رہنما نشستوں میں شرکت کی۔ مسابقت میں تعلیم، صحت،مالیات،زراعت ،تجارت اور کھانے پینے کے کاروبار کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے کے سلسلہ میں درخواستیں موصول ہوئیں۔

واضح رہے کہ ٹی آئی اے اسلام آباد سلیکان ویلی کے اُن کامیاب کاروباری شخصیات، انتظامی عہدیداروں اور سینئر پیشہ ور افراد کی انجمن ہے، جن کا تعلق دریائے سندھ کے علاقوں سے ہے۔ ان کا مقصد دنیا بھر میں رہنمائی، تعلقات کی توسیع اور تعلیم کے ذریعہ عنان کاروبار کو مضبوط کرنا اور مستقبل کے کاروباری افراد کی کھیپ تیار کرنا ہے۔ اس انجمن کے ۱۷ ممالک میں ۶۱ تنظیمیں اور تیرہ ہزار ارکان اور ڈہائی ہزار چارٹر ممبران ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں