غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے ملک سے فرار ہوکر مالدیپ پہنچ گئے۔سری لنکن صدر فوجی طیارے میں مالدیپ پہنچے۔وزیراعظم رینل وکرما سنگھے کو قائم مقام صدر مقررکردیا گیا ہے۔
ملک میں اس اہم تبدیلی کے باوجود مشتعل مظاہرین سیکیورٹی فورسز کے قابو میں نہیں آ رہے ہیں۔ ہزاروں مظاہرین نے سرکاری ٹیلی وژن پر دھاوا بول دیا اور وزیراعظم ہاؤس پر احتجاجی پرچم لہرادیا گیا۔
حالات کنٹرول میں نہ آنے پر وزیراعظم وکرما سنھگے نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی۔
سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے بعد حکمران اشرافیہ کے خلاف شدید احتجاج اورمظاہرے جاری ہیں۔ چند روز قبل ہزاروں مشتعل مظاہرین نے صدارتی محل پردھاوا بول دیا تھا جس کے بعد صدر گوٹابایا کی روپوشی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
اس سے قبل صدر گوتابایا راجا پکشے نےاپنے عہدے سے استعفی دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس پر عمل نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ صدر کے بھائی اورسری لنکا کے سابق وزیرخزانہ بسل راجا پکسے بھی ملک سے فرار ہوکر امریکا پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں عوام کو سنگین معاشی بحران کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے بدترین لوڈشیڈنگ، ایندھن، خوراک، دواؤں اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔