129

عمران خان کی 11 مقدمات میں ضمانت منظور

121 Views

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 11 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے خلاف قائم 11 مقدمات کی ضمانت کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ اُن کے موکل کے خلاف ایک ہی نوعیت کے 15 مقدمات درج ہیں، استدعا ہے کہ عمران خان کی ضمانت منظور کی جائے۔

جج کامران بشارت مفتی نے وکیل استغاثہ سےاستفسار کیا کہ کیا آپ کو ضمانت پر کوئی اعتراض ہے یا اس کیس میں کوئی ادارہ مدعی ہے؟؟۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے جواب نہ آنے پرعدالت نے 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

عمران خان سمیت تحریک انصاف کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کہسار میں مقدمات درج ہیں۔

مقدمات کی گزشتہ سماعت 21 جولائی کو ہوئی تھی لیکن عمران خان پیش نہیں ہوئے تھے، عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ملزم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہے اس لئے اسے اس مقدمے میں ضمانت کے لئے خود پیش ہونا ہوگا۔

مقدمات کا پس منظر

پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب حقیقی آزادی مارچ کا اعلان کیا تھا۔ اس مارچ کے دوران لاہور سمیت پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔

پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کے لئے شیلنگ کی تھی، اس دوران کئی درختوں کو آگ بھی لگائی گئی تھی۔

26 مئی کی صبح عمران کان نے لانگ مارچ کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا جب کہ ان سمیت پارٹی رہنماؤں اور سیکروں کارکنوں کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں مقدمات درج ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں