134

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ پاکستان کی تیسری پوزیشن پر انٹری

65 Views

ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ریکارڈ 378رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے سیریز 2-2سے برابر کرلی، اسی کے ساتھ بھارتی ٹیم آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کے 2قیمتی پوائنٹس سے بھی محروم ہو گئی،سلو اوور ریٹ کی وجہ سے مہمان سائیڈ پر 2پوائنٹس کی پنالٹی ہوئی،کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 40فیصد جرمانہ بھی ہوا، اس وجہ سے پاکستان کو تیسری پوزیشن پرقبضہ جمانے کا موقع مل گیا،اس وقت بھارت کے 52.08 جبکہ گرین کیپس کے 52.38پوائنٹس ہیں۔

ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ پلیئنگ کنڈیشنز آرٹیکل 16.11.2کے تحت مقررہ وقت میں جتنے اوور کم ہوں پنالٹی میں اتنے ہی پوائنٹس کا خسارہ برداشت کرنا پڑتا ہے، بھارت نے 2اوورز کم کروائے لہٰذا اس کو 2پوائنٹس کی قربانی دینا پڑی، پلیئرز کیلیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ آرٹیکل 2.22کے تحت ہر اوور کم کروانے پر میچ فیس کا 20فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔اس میچ میں فیلڈ امپائر علیم ڈار اور رچرڈ کیٹل برو، تھرڈ امپائر ماریس اراسمس ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا 77.78 پرسنٹیج پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، جنوبی افریقہ (71.43) دوسرے، پاکستان 52.38 تیسرے، بھارت 52.08 چوتھے، ویسٹ انڈیز 50 پانچویں، سری لنکا 47.62 چھٹے، انگلینڈ33.33ساتویں، نیوزی لینڈ25.93 آٹھویں اور بنگلہ دیش 13.33 پرسنٹیج پوائنٹس نویں نمبر پر ہے۔

پاکستان نے ابھی تک 3میچز جیتے، 2میں شکست ہوئی اور اتنے ہی ڈرا کیے،رواں ماہ دورئہ سری لنکا میں میزبان ٹیم کیخلاف فتوحات ٹیم کی پوزیشن مزید بہتر بناسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں