137

۱۸۹ پاکستانی طالبعلم فلبرائٹ اسکالرشپ پر ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے امریکہ روانگی کو تیار

73 Views

اسلام آباد ( ۲۹ جولائی ۲۰۲۲ء)- پاکستان سے تعلق رکھنے والے ۱۸۹ طالبعلموں کو امریکہ میں شاندار ساکھ کی حامل ۸۲ جامعات میں امسال خزاں سے شروع ہونے والے تعلیمی مرحلہ کے دوران ماحولیات، توانائی کے انتظام و انصرام اور معاشرتی علوم کے موضوعات سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنی تحقیق میں پیش رفت کے لیے معروف ترین وظیفہ فلبرائٹ اسکالرشپ عطا کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی میدان اور ثقافتی شعبوں میں تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت کی اعانت سے فعال پروگراموں میں فلبرائٹ سب سے ممتاز ہے اور پاکستان میں یہ پروگرام اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا تبادلہ پروگرام ہے اور صرف رواں سال مذکورہ ۱۸۹ طالبعلموں کے تعلیمی سفرکے پروگرام پر ایک کروڑ چوراسی لاکھ ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔

امسال امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی پچہترویں سالگرہ کے موقع پر اس شراکت جاری رکھنا اس امر کی توثیق ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے پُرعزم ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت بھی اس پروگرام کا حصہ ہوتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے پی ایچ ڈی کے طالبعلموں کے لیے قابل ذکر وظائف فراہم کرتی ہے۔

یو ایس ایجوکیشن فاؤنڈیشن اِن پاکستان ( یو ایس ای ایف پی) نے پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے ۱۸۹ طالبعلموں کو سفری تیاریوں، متعلقہ تبادلہ پروگرام، امریکی جامعات کے ماحول اور امریکہ کی ثقافت کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لیے دو روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بھی شرکاء کو مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر بلوم نے کہا کہ فلبرائٹ پروگرام سے فارغ التحصیل ہونے والے پاکستانیوں نے متعدد خدمات سرانجام دی ہیں، جن میں بحرانوں کا حل پیش کرنے سے لیکر نئے قوانین کی تشکیل اور برابری کی بنیاد پر داد رسی یقینی بنانے کی پالیسیوں کا فروغ شامل ہے۔ ایسی کوششیں بہتر، محفوظ اور زیادہ خوشحال پاکستان کی تشکیل کا پیش خیمہ ہیں اور امریکہ اور پاکستان اس منزل کے حصول کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ہماری سرمایہ کاری سےامریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری، علاقائی استحکام میں اضافہ اور مشترکہ معاشی خوشحالی کی جانب پیش قدمی یقینی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جانے والا گروپ پاکستان میں فلبرائٹ کی تاریخ میں امریکہ کا سفر کرنے والا سب سے بڑا گروپ ہے جس میں مُلک بھر سے تعلق رکھنے والی ۴۷ سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے طالبعلم شریک ہیں۔ امسال۱۲۵ ماسٹرز اور ۶۴ پی ایچ ڈی، بشمول ۳۱ فلبرائٹ پی ایچ ڈی اور ۳۳ فلبرائٹ ایچ ای سی پی ایچ ڈی طالبعلم اور سات فارن لینگویچ ٹیچنگ اسسٹنٹ فیلوز کے طور ہر منتخب ہوئے ہیں جبکہ شرکاء کی نصف تعداد خواتین پر مشتمل ہے۔

اس اسکالرشپ کے تحت تمام تر تعلیمی عرصہ کے دوران سفر، رہائش، ہیلتھ انشورنس اور تدریسی فیس فراہم کی جاتی ہے۔ پاکستان میں ۱۹۵۱ء میں اس پروگرام کے آغاز سے لیکر اب تک۴۱۰۰ پاکستانیوں کو حُصول علم، تحقیقی سرگرمیوں، تبادلہ خیال اور دُنیا کو درپیش مشترکہ بحرانوں کا حل تلاش کرنے کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔ صرف گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ۲۵۶۸پاکستانی فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کر چکے ہیں۔یہ اسکالرز پاکستان واپسی کے بعد امریکی حکومت کی معاونت سے جاری تبادلہ پروگراموں اور انگریزی زبان کی تربیت حاصل کرنے والے ۳۲ ہزار پاکستانیوں پر مشتمل ایلومنائی نیٹ ورک کا حصہ بن جاتے ہیں۔

مزید برآں، امریکی حکومت باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لیے تعلیمی سرمایہ کاری کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی سرگرمیوں کے لیے مختلف طریقوں سے بھی اعانت فراہم کرتی ہے۔ اس میں پاکستان کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طالبعلموں کو میرٹ اور ضرورت کی بنیادو پر ہزاروں وظائف کی فراہمی اور پاکستان کی ۹۹ یونیورسٹیوں کے تدریسی عملہ کی تربیت اور شفاف توانائی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف موضوعات پر تعاون کا فروغ اور ایچ ای سی کے ساتھ اشتراک میں جامعات میں انگریزی زبان کی تدریس کا نیا نصاب ترتیب دینا شامل ہے۔

اس موقع پر یو ایس ای ایف پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے کہا کہ فلبرائٹ تبادلہ پروگرام شرکاء کو تعلیم کے حصول ، ثقافتی آگہی اور رہن سہن کے تجربہ سے مالامال کرتا ہے اور وسیع پس منظر میں دیکھا جائے تو یہ دونوں ممالک کے لیے مفید ہے کیونکہ امریکہ کے لوگ پروگرام میں شامل ہونہار پاکستانی دانشوروں کے تجربات سے مستفید ہوتے ہیں جبکہ پاکستان کے لوگوں کو فلبرائٹ پروگرام میں شرکت کے بعد واپس آنے والے افراد کی معلومات اور تجربات سے فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ فلبرائٹ پروگرام کی تکمیل کے بعد واپس آکر خدمات سرانجام دینے والے دو ہزار پاکستانیوں کا کردار اس امر کا ثبوت ہے کہ یہ پروگرام بہترمستقبل اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط اُستوار کرنے کے سلسلہ میں ایک شاندار سرمایہ کاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں