پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کیخلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش رچائی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ پوری ریاستی مشینری اور الیکشن کمیشن کی شرانگیزیوں کے باوجود پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی شکست کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کیخلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش رچائی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پوری پی ڈی ایم PDM کے اسی انجام کے امکانات نے انہیں خوف میں مبتلا کررکھا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میری اپنے تمام لوگوں کو ہدایت ہے کہ وہ آج شام 6 بجے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف پرامن احتجاج کیلئے ایف نائن پارک میں جمع ہوں۔ میں اس اجتماع سے مخاطب ہوں گا۔
پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے آج احتجاج کا اعلان کیا تھا، حکومت کی جانب احتجاج کی اجازت نہ دیئے جانے پر اب یہ احتجاج اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں ہوگا۔