100

مہنگائی میں کمی کیلئے روسی اجناس کا عالمی منڈیوں تک پہنچنا ضروری ہے، اقوام متحدہ

64 Views

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ترکی کے دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو میں روس اور یوکرین جنگ کے باعث اجناس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی کے کنٹرول اور اجناس کی قیمتوں میں کمی کے لیے روسی اجناس کی بلا روک ٹوک عالمی منڈیوں تک ترسیل بے حد ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ روسی اجناس کی عالمی منڈیوں میں ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے امریکا اور یورپی یونین سے بات چیت جاری ہے۔

گزشتہ برس ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں روس اور یوکرین نے اجناس کی عالمی منڈیوں تک ترسیل کے طریقہ کار پر اتفاق کیا اور یوکرین سے پہلی کھیپ ترکیہ پہنچ بھی چکی ہے۔

روس نے عالمی دباؤ کے باوجود فروری میں یوکرین پر حملہ کردیا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ جاری ہے جس کے باعث اجناس کی عالمی منڈیوں کو ترسیل رک گئی ہے۔

خیال رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف امریکا اور یورپی ممالک نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں جس میں پٹرولیم مصنوعات سمیت اجناس کی درآمدات بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں