پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا، انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔سیریز کا دوسرا میچ 9 دسمبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔ ڈائرکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکرخان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کی 17 سال بعد ایک مرتبہ پھر میزبانی کرنے پر خوشی ہوگی۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے عبوری چیف ایگزیکٹو کلئیر کانر نے کہا کہ 2005 کے بعد انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کی پاکستان روانگی تاریخی لمحہ ہے۔ طویل عرصے بعد کرکٹ سے محبت کرنے والے پرجوش شائقین کرکٹ کے سامنے کھیلنے کا موقع ملنے پر خوش ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ چیمپئن شپ میں پاکستان پانچویں اور انگلینڈ کی ٹیم ساتویں نمبر پرہے۔