155

امریکی انجینیئر کے بدلے طالبان رہنما نیویارک سے رہا ہوکر کابل پہنچ گئے

75 Views

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جیل میں قید سینئر طالبان رہنما حاجی بشیر نور زئی ایک معاہدے کے تحت رہا ہوکر کابل پہنچ گئے جن کے بدلے میں طالبان حکومت نے بھی امریکی انجینیئر کو آزاد کردیا۔

طالبان حکومت کے وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ 2005 سے گرفتار رہنما بشیر نور زئی کابل پہنچ گئے جن کے بدلے میں امریکی انجینئر مارک فریرچس کو رہا کیا گیا ہے۔

امریکی سول انجینیئر مارک فریرچس افغانستان میں بطور کنٹریکٹر خدمات انجام دے رہے تھے اور طالبان نے انھیں 31 جنوری 2020 کو حراست میں لیا تھا۔ جس کے بعد طالبان نے انجینیئر کے بدلے بشیر نور زئی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ بشیر نور زئی گوانتا نامو بے جیل میں قید نہیں تھے بلکہ ایک امریکی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ انھیں 50 ملین ڈالر مالیت کی ہیروئن امریکا اسمگل کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

طالبان رہنما کے وکلاء نے عدالت میں ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے مؤکل کو بے بنیاد کیس میں پھنسایا گیا ہے کیوں کہ امریکی پولیس کے پاس ان کی گرفتاری کا ٹھوس جواز نہیں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں