غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی فائزر کے 60 سالہ سی ای او البرٹ بورلا کا معمولی علامات ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آگیا۔
خیال رہے کہ البرٹ بورلا اس سے پہلے بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں اور انھوں نے کورونا کی دو بوسٹر ڈوز میں لگوائی ہیں لیکن اس کے باوجود ایک بار پھر کورونا کا شکار ہوگئے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا نے اپنے بیان میں جلد صحت یاب ہونے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی کمپنی کی ہی اینٹی وائرل دوا لے رہے ہیں۔
رواں ہفتے ہی امریکی صدر جوبائیڈن نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک سے کورونا وبا کا خاتمہ ہوگیا ہے تاہم اب بھی کچھ مسائل درپیش ہیں۔
واضح رہے کہ آج بھارت میں بھی کورونا سے 23 افراد ہلاک اور 4 ہزار 777 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ امریکی صدر جو بائیڈن، نائب صدر کمیلا اور ان کے شوہر سمیت کئی اہم امریکی شخصیات گزشتہ مہینوں میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں۔