غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے دارالحکومت رالی کے ہائکنگ ٹریل پر پیش آیا جہاں لوگوں کا ہجوم تفریح کی غرض سے جاتا ہے۔
گولیوں کی زد میں آنے والے پانچ افراد موت پر ہی دم توڑ گئے جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں بھی ایک پولیس افسر شامل ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے تاہم وہ حادثے کے وقت ڈیوٹی پر نہیں تھے۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے تاحال ملزم کی شناخت، عمر اور فائرنگ کرنے کی وجوہات سے متعلق میڈیا کو آگاہ نہیں کیا۔
حال ہی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول اور امریکی ریاست نیو یارک کے شہر بفیلو کی ایک سپر مارکیٹ میں ہونے والے فائرنگ کے واقعات سے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی جس کے بعد 30 سال میں پہلی مرتبہ امریکی قانون سازوں نے اسلحے کی فروخت پر قابو پانے کی غرض سے اصلاحات پر اتفاق کیا ہے۔