100

آیت اللہ خامنہ ای نے مظاہرین کیخلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کی حمایت کردی

62 Views

العربیہ نیوز کے مطابق ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے ملک گیر مظاہروں کو طاقت سے کچلنے کے عمل کی حمایت کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا ہے کہ مظاہروں کی آڑ میں کچھ لوگوں نے سڑکوں پر عدم تحفظ کی فضا پیدا کی، قانون کو ہاتھ میں لیا اور یہ ملک میں فساد پھیلانے کی ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی سوچی سمجھی سازش ہے جس کے پیچھے امریکا اور اسرائیل ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ پولیس سمیت ہماری سیکورٹی فورسز کا فرض ایرانی قوم کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے لیکن جو پولیس پر حملے کرتے ہیں وہ ایرانی شہریوں کو غنڈوں، ڈاکوؤں اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ حجاب درست طریقے سے نہ کرنے کے الزام میں گرفتار 22 سالہ مھسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت پر دو ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں اور ان مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں