عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں سامنے آگئے اور ووٹرز کو وسط مدتی الیکشن میں ریپبلکنز کو ووٹ دینے کا مشورہ دے ڈالا۔
ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ متوازن طاقت دونوں جماعتوں کو بدترین اصراف سے روکتی ہے اس لیے میں ریپبلکن کو ووٹ دینے کا مشورہ دوں گا جوصدر کو جمہوریت کی پٹڑی پر گامزن رہنے پر مجبور کرے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت امریکا کے دونوں ایوانوں یعنی کانگریس اور سینیٹ میں موجودہ صدر جوبائیڈن کی جماعت کی اکثریت ہے تاہم ریپبلکنز کسی ایک میں اکثریت حاصل کرلیں تو صدر جوبائیڈن کو مضبوط اپوزیشن کا سامنا کرنا ہوگا۔
اس وقت امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کی 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں کے لیے ووٹنگ جاری ہے جب کہ 36 ریاستوں کے گورنرز کا انتخاب بھی ہوگا۔ چند ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر بھی انتخابات ہوں گے۔