عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ تائیوان میں تجارتی معاہدں کے لیے اپنے وزیر کو نہ بھیجے۔ یہ مداخلت تصور کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین برطانوی وزیر کے مستقبل قریب میں ہونے والے دورے کی پُرزور مذمت کرتا ہے۔ برطانیہ کو تائیوان کے ساتھ کسی بھی قسم کے سرکاری دورے کو روکنا چاہیے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے تائیوان کے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تائیوان غیر ملکی افواج کے ساتھ گٹھ جوڑ بند کرے جس سے خطے کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
چین کے اس دعوے کے جواب میں کہ ایک برطانوی وزیر تائیوان کا دورہ کرنے والے ہیں، برطانیہ نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان پر بھی چین نے شدید اعتراض اُٹھائے تھے اور دھمکیاں بھی دی تھیں۔ دورے کے دوران چینی طیارے تائیوان پر پرواز بھی کرتے رہے جس پر امریکا نے خبردار کیا تھا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔