243

ترکیہ نے بم دھماکے پر امریکی تعزیت مسترد کردی

142 Views

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے وزیر داخلہ سلیمان سائلو نے ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا کہ استقلال ایونیو میں ہونے والے بم دھماکے میں لواحقین سے تعزیت کے اظہار کے امریکی بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے امریکی تعزیت قبول کرنے کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی تاہم اس کی وجہ حملہ آور کا کردستان ورکرز پارٹی سے ہونا ہوسکتا ہے جس کے بارے میں ترکیہ کا الزام ہے کہ امریکا انھیں اسلحہ فراہم کرتا ہے۔
خیال رہے کہ صدر طیب اردوان نے بم دھماکے کا ذمہ دار کردستان ورکرز پارٹی قرار دیا اور اس سے قبل کئی بار یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ کرد جنگجوؤں کو ترکیہ کے خلاف اسلحہ و بارود امریکا فراہم کر رہا ہے۔

امریکا کی جانب سے تعزیتی بیان مسترد کیے جانے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

ادھر استنبول پولیس نے استقلال ایونیو پر بینچ کے نیچے بم رکھنے والی خاتون کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کرلیا۔ جس کی شناخت 23 سالہ احلام البشیر کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزمہ کا تعلق شام کی کردستان ورکرز پارٹی سے بتایا جا رہا ہے اور وہ شامی شہر عفرین سے ترکیہ میں داخل ہوئی تھی۔ اس کے گھر سے پولیس کو پستول اور گولیاں بھی ملی ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ترکیہ میں زوردار بم دھماکا؛ 8 افراد جاں بحق اور 80 زخمی

واضح رہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے بم دھماکے میں 8 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں