0

طورخم سرحد جمعے کی صبح کھول دی جائے گی: کسٹم حکام

98 Views

پاکستان کے ضلع خیبر میں محکمہ کسٹم کے اسسٹنٹ کلیکٹر محب خان نے جمعرات کو بتایا کہ طورخم سرحد کل (جمعے) صبح سات بجے سے کھول دی جائے گی۔
افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے اطلاعاتی مرکز سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طورخم سرحد جمعے کی صبح آٹھ بجے کھول دی جائے گی۔
طورخم کے افغان کمشنر مولوی عصمت اللہ یعقوب نے باختر ایجنسی کو بتایا کہ گیٹ کل آٹھ بجے مسافروں اور ٹرانزٹ کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ایک امیگریشن اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ تمام محکموں کے اہلکاروں کو صبح حاضر ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
آج کابل میں پاکستان سفارت خانے اور افغان حکام کے مابین ایک نشست بھی ہوئی تھی جس میں سرحد پر موجود مسافروں اور کاروباری افراد کو مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے منگل کو ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ایک زیر تعمیر افغان چیک پوسٹ پر تنازعے میں دونوں اطراف سے فائرنگ کے تازہ واقعے کے بعد اسلام آباد اور کابل کے درمیان سفارتی ڈیڈ لاک تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر پہلے فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔
ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر جمال ناصر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹرکوں اور ٹرالوں پر مشتمل 1300 گاڑیاں سرحد کھلنے کی منتظر تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں