امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی فلاحی سرگرمیاں ملک کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے اور پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
ہیوسٹن کی پاکستانی سماجی شخصیت محمد سعید شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی نہ صرف پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان کی ترقی کے عمل میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
محمد سعید شیخ کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور کئی سالوں سے فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم ہیں۔
سفیر کو فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہیلپنگ ہینڈ، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف سمیت 40 دیگر اداروں کی مدد سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ ڈالر جمع کیے جس کے نتیجے میں 65 ہزار سیلاب متاثرین کو مختلف شکلوں میں امداد فراہم کی گئی۔
مسعود خان نے فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ہر مشکل وقت میں ملک کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔