نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آج اسلام آباد میں اسکولوں کے لیے پرائم منسٹرز مائنڈ اسپورٹس اقدام کا آغاز کیا۔
اس اقدام کا مقصد بچوں میں علمی نشوونما اور تنقیدی سوچ کو فروغ دینا ہے۔ ابتدائی طور پر ایک ہزار سکول شطرنج کے بورڈز اور اسکریبل سے لیس ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مائنڈ اسپورٹس کے اقدام کو فروغ دینے اور اس کی وکالت کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ہر اسکول کو مائنڈ اسپورٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک عالمی برادری ہیں اور اسے زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ کھیل اس طرح کے تعاون کو فروغ دینے میں ایک اہم سرگرمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں لوگوں کو نظم و ضبط کی طرف لے جاتی ہیں جس سے وہ اچھے سائنسدان، انجینئر، سیاستدان اور بیوروکریٹس بنتے ہیں۔
اس موقع پر اپنے ریمارکس میں بین الصوبائی رابطہ کے وزیر فواد حسن فواد نے کہا کہ مائنڈ اسپورٹس کے اقدام کو پاکستان کے تمام سرکاری سکولوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے پرائیویٹ سیکٹر کے سکولوں کو بھی دعوت دی کہ وہ اپنے آپ کو مائنڈ اسپورٹس سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے مہینے میں وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں ایک سو سکولوں کو مائنڈ اسپورٹس سے آراستہ کرنے کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تعداد تیزی سے بڑھے گی کیونکہ صوبے بھی اس میں شامل ہوں گے۔