وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منگل کو یہاں امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز سے ملاقات کی۔امریکی قونصل جنرل نے مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور امریکی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباء کے لیے اسکالرشپ کے مواقع بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے امریکہ اور پنجاب کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے امریکی قونصل جنرلز کی پنجاب اور امریکا کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں عمارت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تعزیت کی اور لواحقین کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور کمشنر ملتان سے اس حوالے سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منگل کو جہلم، جھنگ، وہاڑی اور بہاولنگر میں ’’کلین پنجاب‘‘ ماڈل پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کی منظوری دی۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے چار شہروں کو صفائی کے حوالے سے ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار ماڈل تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی ایچ اے، سی ای او بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔