ہائیکورٹ میں نارتھ ناظم آباد میں سابق کپتان سرفراز احمد، سرفراز اکیڈمی اور گرلز کالج انتظامیہ کے مابین تنازع پر سماعت ہوئی۔ گرلز کالج کی جانب سے بتایا گیا کہ سرفراز احمد نے ہماری باؤنڈری وال میں پچ بنادی ہے جس پر عدالت نے سرفراز احمد کو ذاتی حثیت میں طلب کرلیا ہے۔
عدالت نے سرفراز احمد سے مبینہ کالج کی حدود میں پچ بنانے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ سرفراز احمد آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں اور زمین کے تنازعے پر جواب جمع کرائیں۔
دوسری جانب عدالت نے سماعت کو 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
قبل ازیں کالج کی پرنسپل مسمات حسینہ فاطمہ نے سندھ ہائی کورٹ میں سرفرازاحمد پر غیرقانونی اکیڈمی چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے زمین پر سے قبضہ ختم کرانے کیلئے درخواست دائر کی تھی، جس میں کالج کو 7 ایکڑ زمین جبکہ اکیڈمک بلاک کی ایک ایکڑ زمین اکیڈمک بلاک کیلئے مختص کی گئی تھی۔
درخواست کے مطابق بلاک این نارتھ ناظم آباد پلاٹ نمبر ایس ٹی 7 ماسٹر پلان کے مطابق رفاعی پلاٹ ہے جبکہ سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے غیر قانونی کرکٹ کلب چلارہے ہیں۔