امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیو اورلینز کی زاویئر یونیورسٹی کے ایک اسکول کے کنووکیشن سینٹر میں تقسیمِ اسناد کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والی دو خواتین کے درمیان کار پارکنگ میں جھگڑا ہوگیا جس کے دوران گولیاں چل گئیں۔
گولی لگنے سے ایک خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جب کہ دو مرد شدید زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی طبیعت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 3 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے واقعے میں ہلاک اور گرفتار ہونے والے تینوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ امریکا میں بندوق کے تیزی پھیلاؤ سے فائرنگ کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس پر بندوق کی بآسانی دستیابی کے خلاف قانون سازی کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب کینیڈا نے بندوق کی خرید و فروخت، درآمد اور منتقلی پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ پابندی امریکی ریاست ٹیکساس میں 18 سالہ نوجوان کی ایک اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کے بعد لگائی گئی جس میں 2 اساتذہ اور 19 کم سن طالب علم ہلاک ہوگئے تھے۔