177

گھرکے اوپر مشکوک طیارے کی پرواز؛ جوبائیڈن اور خاتون اوّل کو فائراسٹیشن میں پناہ لینا پڑی

80 Views

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈیلاویئر میں امریکی صدر کے بیچ ہاؤس کی فضائی حدود میں ایک مشکوک طیارہ داخل ہوگیا۔ ایک انجن والا چھوٹا طیارہ سیکیورٹی بیریئرز کو عبور کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن کی رہائش گاہ کے انتہائی نزدیک پہنچ گیا۔

جس پر صدر جوبائیڈن کی سیکیورٹی پر مامور افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔ دو F-15 لڑاکا طیارے اور ایک MH-65 ہیلی کاپٹر نے فوری طور پر پرواز بھری اور صدر جوبائیڈن کے گھر کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے چھوٹے طیارے کو باہر نکالا۔

اسی دوران سیکیورٹی حکام نے امریکی صدر کو ان کی اہلیہ جل بائیڈن کے ہمراہ بیچ ہاؤس سے ایک فائر اسٹیشن میں منتقل کردیا۔ صدر اور خاتون اوّل مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد امریکی صدر اور خاتون اوّل واپس رہائش گاہ آگئے۔

صدر بائیڈن کی سیکیورٹی پر مامور ایک افسر انتھونی گگلیلمی کا کہنا تھا کہ پائلٹ غلطی سے بیچ ہاؤس کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ واقعے میں دہشت گردی کا عنصر شامل نہیں۔ پائلٹ تازہ ترین پروازوں کی پابندیوں کو ڈاؤن لوڈ کرنے میں ناکام رہا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر اور خاتون اوّل ویک اینڈ کی تعطیلات منانے اپنے آبائی علاقے میں واقع اپنے بیچ ہاؤس آئے ہیں جہاں وہ دو روز قیام کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں