کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آج مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ ہے جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے دی گئی تھی جبکہ تمام حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔
حریت رہنما عبدالحمید لون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے سری نگر کو مکمل طور پر فوجی چھاونی بنا دیا ہے، یوم سیاہ منا کر بھارت اور عالمی دنیا کو بتانا ہے کشمیریوں نے بھارت کو تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاہ پرچم لہرائے جا رہے ہیں جبکہ دنیا بھر میں لوگ بھارت کی قابض فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف ریلیاں نکال رہے ہیں اور مظاہرے کر رہے ہیں تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔