عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی سے سوئٹزرلینڈ جانے والا نوجوان 1990 میں کوہ پیمائی کے دوران کوہ الپس میں لاپتہ ہوگیا تھا۔ نوجوان کا کچھ پتہ نہ چل سکا تھا اور لواحقین بھی تھک ہار کر بیٹھ گئے تھے۔
تاہم 32 سال بعد گلیشیئر کے سکڑنے سے زرمٹ پہاڑی کے ایک تفریحی مقام پر نوجوان کی لاش ابھر آئی اور وہاں سے گزرنے والی کوہ پیماؤں کی ٹیم کو لاش کے پاؤں نظر آئے۔ ریسکیو ادارے نے نوجوان کی باقیات کو نکالا اور فرانزک لیب منتقل کیا۔
ڈی این اے ٹیسٹ میں تصدیق ہوگئی کہ یہ لاش جرمنی کے نوجوان تھامس فلیم کی ہے جو 32 سال قبل لاپتہ ہوگیا تھا۔
کوہ پیماؤں کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ہمیں پہلے کچھ ایسے ساز و سامان ملے جو کوہ پیما استعمال کیا کرتے ہیں۔ اس لیے ہم نے تلاش شروع کی کہ یہاں کوئی کوہ پیما بھی ہوسکتا ہے جس کی ہمیں مدد کرنی چاہیئے۔
کوہ پیماؤں کے مطابق اسی دوران ہم اس مقام تک پہنچ گئے جہاں لاش کے پاؤں نظر آرہے تھے اور پھر ہم نے ریسکیو ٹیم کو مدد کے لیے طلب کیا۔