بھارتی میڈیا کے مطابق چین کی سرحد کے نزدیک بھارتی ریاست اروناچل کے علاقے توانگ میں انڈین آرمی کا چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹس سوار تھے جو حادثے میں بری طرح زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیم نے زخمی پائلٹس کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ایک پائلٹ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جب کہ معاون پائلٹ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
ہلاک ہونے والے بھارتی پائلٹ کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل سوربھ یادیو کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔ بھارتی فوج نے حادثے کی وجہ کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
بھارتی ریاست اروناچل میں گزشتہ 10 برسوں میں بھارتی فوج کے 6 سے زائد ہیلی کاپٹر حادثوں میں سابق وزیر اعلیٰ سمیت 40 اہلکار اور افسران ہلاک ہوئے ہیں۔ اس علاقے میں حادثوں کی وجہ موسم کی خرابی بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی ریاست تامل ناڈو میں پہلے بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افسران ہلاک ہوگئے ہیں۔