پشاور( یکم ستمبر، ۲۰۲۳ء)- امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار شانٹی مُور نے امریکی قونصلیٹ جنرل پشاور میں بطور قونصل جنرل ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے شانٹی مور کو متعارف کراتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے متحرک تعلقات ہیں۔ قونصل جنرل مُور اُس تجربہ سے مالامال ہو کر پشاور آئے ہیں جو ہماری شراکت داری کی وُسعت اور مستقبل کی تعمیر کی خاطر مشترکہ کوششوں کو آگے بڑہانے اورمعاشرہ کے تمام حلقوں کے لیے پائیدار ترقی یقینی بنانے کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ قونصل جنرل مُور نے ۲۰۰۰ء میں امریکی محکمہ خارجہ میں شُمولیت اختیار کی اور حال ہی میں انہوں نے امریکی سفارتخانہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں وسیع مدت تک بطور ناظم الامور اور نائب مشن سربراہ خدمات سرانجام دی ہیں۔
قونصل جنرل مُور نے کویت ، قطر، کوسوو، نکاراگوا، افغانستان، بارباڈوس اور مشرقی کیریبئن میں خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کنساس یونیورسٹی سے بیچلرز، جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے خارجہ اُمور میں ماسٹرز اور واشنگٹن ڈی سی میں واقع نیشنل وار کالج سے قومی سلامتی کے علوم میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کررکھی ہیں۔
قونصل جنرل مُور نے کہا کہ پشاور آمد کے ساتھ ہی وہ اس شہر کے متحرک طرز زندگی کے گرویدہ ہو چُکے ہیں جبکہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا کی تاریخ، ثقافت اور اُس مہمان نوازی سے لُطف اندوز ہونے کے لیے پُرجوش ہیں، جو یہاں کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنے دو سال پر مبنی تعیناتی کے دوران وہ صوبہ کے لوگوں کے ساتھ تعاون کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ ہم معاشی ترقی میں بہتری ، تعلیم کے فروغ اور خاص طور پر پاک-امریکہ گرین الائنس کے تحت ماحول دوست اقدامات پر عمل درآمد جیسے ہمارے مشترکہ اہداف کی تکمیل کی جا سکے۔