اسلام آباد، (۶ دسمبر ۲۰۲۳ء) _ امریکی معاون وزیر خارجہ جولیٹا والس نوئیس نے دسمبر۴ تا ۶ پاکستان کا دورہ کیا تاکہ امریکہ میں اہل افغان مہاجرین کی محفوظ اور مؤثر آباد کاری، نقل مکانی اور تحفظ کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کیا جا سکے۔
پاکستانی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں اسسٹنٹ سیکرٹری نوئیس نے ان امور پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح دونوں ممالک امریکہ میں نقل مکانی یا دوبارہ آبادکاری کے اہل افغان شہریوں کی کارروائی کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ دوبارہ آبادکاری کےمراحل سے گزرنے والے افراد کے لیے بین الاقوامی انسانی اصولوں کو برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور کمزور پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشیوں کوجبری واپسی سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
اپنے دورے کے دوران اسسٹنٹ سکریٹری نوئیس نے بین الاقوامی شراکت داروں سے اپنی ملاقاتوں کو سراہا جن میں یو این ایچ سی آر اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ساتھ ساتھ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی اور ہم خیال سفارتی شراکت دار شامل تھے۔انہوں نے افغان مہاجرین کو مدد اور تحفظ فراہم کرنے کے لیےان کی بھرپور کوششوں پر شکریہ ادا کیا ۔
اسسٹنٹ سیکرٹری نے افغان پناہ گزینوں سے بھی براہ راست ملاقات کی اور ان سے اس عمل کے حوالے سے ان کے سب سے اہم خدشات کے حوالے سے گفتگو کی۔
امریکہ نے افغان پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشی افراد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوششیں کیں ہیں، بشمول ان لوگوں کے جو امریکہ میں آبادکاری کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ امریکہ، پاکستان میں افغان پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے لیے اپنےویزا کی کارروائی کو تیز تر کرنے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز کا فعال طور پر متلاشی ہے۔