ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے آغاز سے قبل اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں سےگزشتہ روز سفارتخانہ میں ایک تقریب میں ملاقات کی اور ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل اُن کی حوصلہ افزائی کی۔
امریکی سفیر کی رہائشگاہ پر منعقد ہونے والے اس استقبالیہ میں سفیر بلوم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی خوش آمدید کہا اور امریکہ میں منعقد ہونے والی ٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر اسپورٹس ڈپلومیسی کا باہمی مظاہر ہ کرتے ہوئے سفیر بلوم نے پاکستان ٹیم کے ارکان کو سفارتخانہ کی یادگاری کرکٹ بال اور دستخط شدہ سافٹ بال بیٹ پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی اُسی خیر سگالی کے جذبہ کے تحت سفیربلوم کو پاکستان کی سرکاری کرکٹ شرٹ اورٹیم کا دستخط شدہ بلّا پیش کیا۔ اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہلکی پھلکی کرکٹ بھی کھیلی۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے امریکہ ایک تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ کھیل کا جوش دوبالا کرنے کے حوالے سے یہ خبر یقیناً دلچسپی سے خالی نہیں کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں اوردونوں ممالک چھ جون کو ایک دوسرے کے ساتھ گروپ میچ میں مدِّ مقابل ہونگے جس کا سب کو بے چینی سے انتظار رہے گا۔