0

امریکی یومِ آزادی کی تقریب میں پاکستان کے ساتھ مسلسل شراکت داری کا جشن

61 Views

اسلام آباد – ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ۲۴۸ویں یومِ آزادی کا جشن منانے کے لیےامریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں ایک رنگا رنگ اور پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔”میڈ اِن یو ایس اے” کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب میں امریکہ اور پاکستان کے مابین پائیدار شراکت داری کو اُجاگر کیا گیا اوردونوں ممالک کے اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ وہ اپنے شہریوں کو خوشحال مستقبل فراہم کر سکیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تقریب کے مہمان ِ خُصوصی وفاقی وزیر برائے ترقیاتی منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال تھے۔

پاکستان کے سرکاری حکام، کاروباری، تدریسی، سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات اور سفارت کاروں نے اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین آزادی، جمہوریت اور معاشی خوشحالی کی مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا۔ موسیقی، لذیذ پکوانوں اور ثقافتی روایات سے مزین یہ تقریب ریاستہائے متحدہ امریکہ کے تنوع کی بھرپور عکاسی کر رہی تھی جبکہ آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے جشنِ آزادی کو مزید رنگوں سے نکھار دیا۔
امریکہ اور پاکستان کے متعدد شعبوں میں تعاون پر محیط تعلقات شراکت داری کی طویل تاریخ پر مبنی ہیں۔ توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبوں میں پاکستان میں متعددبڑے آبی ذخائر امریکی تعاون سے تعمیر کیے گئے ۔نجی شعبہ مین درجنوں امریکی کمپنیاں لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرتی ہیں اوراہم تحقیقی اور ترقیاتی اثاثے فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبےامریکی تعاون سے مضبوط کیے گئے ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہونا امریکہ کے لیے باعث فخر ہے جبکہ پاکستانی ان تجارتی تعلقات سےبہت زیادہ استفادہ کرتے ہوئے ہر سال اربوں ڈالر مالیت کی برآمدات امریکی منڈیوں کو فراہم کرتے ہیں۔ مزید برآں ،تبدیلی کا حامل یو ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک موسمیاتی مشکلات سے نمٹنے کی پاکستانی استعداد کار کو مضبوط بناتے ہوئے پاکستان کی شفاف توانائی کی جانب کوششوں میں مددگار ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات دونوں ممالک کو بڑی بڑی مشکلات کا سامنا رہا ہے جیسےسیلاب، جنگ، وبا، یا معاشی بحران مگر ہم میں سے جن بھی افراد نے اس تعلق کو مضبوط بنانے میں مِل جُل کر کام کیا ہے وہ اس امر کے معترف رہے ہیں کہ ہماری شراکت داری ہمیشہ ہماری قومی خوشحالی اور سلامتی میں اضافہ کی جانب جاری طویل سفر کا کلیدی حصہ رہی ہے ۔

اس تقریب نے امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے معاشی روابط میں وسعت ، ثقافتی تبادلوں میں فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید تعاون کے مشترکہ عزم کی بھی تائید کی۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے یوم ِ آزادی کے موقع پر دونوں ممالک نے مشترکہ بحرانوں سے نمٹنے اور روشن مستقبل کے مواقع سے مستفید ہونے کی خاطر باہمی اقدامات کا بھی عزم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں