افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے پاکستان نے ریلیف کے سامان پر مشتمل آج پہلا سی-130 افغانستان روانہ کیا ہے۔
سفیر منصور احمد خان نے کہا آنے والے دنوں میں مزید امدادی اشیاء پر مشتمل پاکستان ایئر فورس کا ایک اور طیارہ سی-130 بھیجے جانے کا امکان ہے۔ امدادی سامان مزار شریف میں افغان ڈیزاسٹر ریلیف تنظیموں کو ہمارے ناظم الامور کی طرف سے دیاجائے گا۔ سامان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے خیموں، کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر افغانستان میں سیلاب متاثرین کے لیے پاکستان کی طرف سے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے آج افغانستان پہنچا دی گئی ہے۔ امدادی اشیاء میں 100 خیمے، 2 ٹن آٹا، 1 ٹن چاول، 450 کلو چینی شامل ہیں۔ امدادی اشیاء کی دوسری کھیپ 9 مئی کو روانہ ہوگی۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا افغانستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے پاکستان ہر ممکن کوشش کرے گا۔