108

حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

27 Views

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔ انہوں نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر حمزہ شہبازکو مبارکباد دی۔

حمزہ شہبازشریف کے فیملی ممبرز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ حمزہ شہباز اور نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز ایک ہی گاڑی میں گورنر ہاؤس پہنچے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا” اور “حمزہ شہباز زندہ باد” کے نعرے لگائے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا، وزارت اعلیٰ کو منصب نہیں سمجھتا، اس عہدے کوعوام کی فلاح کیلئے استعمال کروں گا، عوام کے مسائل کا پورا احساس ہے، میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف ہوگا۔

سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف پنجاب نے حمزہ شہبازکابطور وزیراعلی پنجاب حلف اٹھانے کانوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد سابق وزیراعلی عثمان بزدار کو کام سے روک دیاگیا۔

پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے الیکشن میں حمزہ شہباز نے 197 ووٹ لیے تھے۔ وہ پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گورنر ہاؤس میں دو مرتبہ پہلے بھی حلف برداری کے لیے پنڈال سجایا گیا تھا لیکن حلف برداری نہیں ہوسکی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں