0

وزیر خزانہ کی امریکی حکام سے ملاقات، اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال

16 Views

واشنگٹن – وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعرات کو عالمی بینک کے صدر دفتر میں اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ڈونلڈ لو اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ الزبتھ ہورسٹ کے ساتھ ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے ملاقات میں امریکی حکام کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

متبادل توانائی، زراعت، پانی اور ٹیک انڈسٹری پر بھی بات چیت ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، توانائی کے شعبے کو ہموار کرنے اور احتساب کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان امریکہ اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا اور آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی۔

ملاقات کے دوران یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ تعاون کے معاہدے طے پائے اور آئی ایم ایف سے نئے قرضوں کے پروگرام پر تعاون کی درخواست کی گئی۔

اس کے علاوہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی پاکستان اسٹاف ایسوسی ایشن سے ملاقات کی اور انہیں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، احتساب، ڈیجیٹلائزیشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے معاشی بحالی اور پائیداری کے لیے مالیاتی نظم و ضبط کے سختی سے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں