0

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی پنجاب کی نئی قیادت سے ملاقات ، صحت، آئی ٹی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کی حمایت

16 Views

لاہور – پاکستان میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے یکم سے تین مئی تک لاہور کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پنجاب کی نئی حکومت کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور امریکہ اور پاکستان کے اشتراک کار کو مضبوط کرنے کے حوالہ سے صوبہ میں دستیاب تعاون کے مواقع کی نشاندہی پر تبادلہ خیا ل کیا۔ سفیر بلوم کی ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں آئی ٹی، صحت اور ثقافت کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہی ۔ لاہور میں متعین امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز بھی سفیر بلوم کی مصروفیات میں ان کے ساتھ شریک رہیں۔
پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی معمول کی رابطہ کاری کے سلسلہ میں سفیر بلوم نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، پنجاب اسمبلی کے اسپیکراور نگران گورنر ملک محمد احمد خان،اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر سے ملاقاتیں کیں۔ ڈونلڈ بلوم نے اس امر کو اجاگر کیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ پنے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید تقویت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ دریں اثنا، انہوں نے امریکہ -پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے تحت کی جانے والی کوششوں کے مُرتب ہونے والے مثبت اثرات کا بھی ذکر کیا اور مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع کی نشاندہی پر بھی گفت و شُنید کی۔
سفیر نے آئی ٹی اور صحت کے شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں مزید جاننے کے لیے سسٹمز لمیٹڈ اور ریمنگٹن فارماسیوٹیکلز کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر پر اُنہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان میں غذائی قلت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے تقریباًساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کر رہی ہے، جس میں شدید غذائی قلت کا شکار بچوں کے علاج کے لیے ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر بھی شامل ہیں۔ سفیر بلوم نے غذائی قلت سمیت صحت کے شعبہ میں حائل بین الاقوامی سطح کے بحرانوں کا حل تلاش کرنے میں ریمنگٹن فارماسیوٹیکلز اور دیگر امریکی شراکت داروں کی کاوشوں کی تعریف کی۔
اپنے دورہ کے دوران سفیر بلوم نے فارمین کرسچن کالج میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے خواتین کے لیے تعمیر کردہ رہائشی سہولیات اور امریکی حکومت کے تعاون سے فعال ایجوکیشن یو ایس اے کے دفتر کا دورہ بھی کیا۔ یہ دفتر امریکہ میں دستیاب حصول تعلیم کے مواقع پر بِلا قیمت مشورہ کی خدمات فراہم کرتا ہے۔ سفیر بلوم کے دورہ کا ایک نمایاں پہلو چار امریکی خواتین پر مشتمل موسیقار گروپ ریننگ جین کی لاہور قلعہ میں منعقد کردہ محفل موسیقی میں شرکت تھی۔ سفیر بلوم نے ریننگ جین کی جانب سے لاس اینجلس میں لڑکیوں کے لیے قائم تربیتی کیمپ کا تذکرہ کیا اور اس امر پر مسرت کا اظہارکیا کہ اب یہ موسیقار گروپ خواتین اور حضرات پر مبنی پاکستانی موسیقاروں کی اگلی نسل کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں