0

امریکا نے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام میں تعاون کی یقین دہانی کرادی

14 Views

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور پاکستان کے اصلاحاتی اہداف کو پورا کرنے کی کوششوں کے لیے امریکی تعاون اور حمایت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں، امریکی سفارت خانے نے کہا کہ مذاکرات میں پاکستان کی ٹیکس انتظامیہ اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری بھی شامل تھی۔

بیان کے مطابق، سفیر بلوم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے موجودہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کو مکمل کرنے کے لیے امریکی حکومت کی حمایت کو بھی نوٹ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سفیر بلوم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں امریکہ پاکستان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم پر زور دیا۔

اس سے قبل پیر کو صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے علاوہ امریکہ کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔

ملاقات کے دوران صدر نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جنہیں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح اپنی معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا اور اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے، اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اس کے منفی اثرات کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں